اسرائیل میں 800 ہلاکتیں ، غزہ کا محاصرہ کرلینے کا حکم

,

   

غزہ پٹی کیلئے برقی نہیں ، غذا نہیں ، پانی نہیں ، گیاس نہیں ۔ اسرائیلی حملوں سے فلسطین میں 560 اموات

یروشلم؍تل ابیب : اسرائیل نے اپنی فوج کو غزہ کی پوری پٹی پر قبضہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر ایک لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ ساتھ ہی 3 لاکھ فوجیوں کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلانٹ نے بھی حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کو خوراک، پانی، بجلی اور ایندھن کی فراہمی روک دیں۔ فوج نے سرحدی اسرائیلی علاقوں کو حماس کے جنگجوؤں سے آزاد کرا لیا ہے۔ تاہم جنگجو اب بھی فلسطین سے اسرائیل میں داخل ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں میں 4 اسرائیلی بھی مارے گئے ہیں۔ وہ حماس کی قید میں تھے ۔اسرائیل کی فضائیہ نے راتوں رات حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد کے 500 وار رومز کو تباہ کر دیا۔ جنگ کے تیسرے دن اب تک 800 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی جوابی کارروائی میں اب تک 560 فلسطینی شہید اور 2000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 130 اسرائیلیوں کویرغمال بنا رکھا ہے۔ انہیں غزہ کی پٹی میں سرنگوں میں رکھا گیا ہے۔ وہ ان یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرے گاتاکہ اگر اسرائیل حملہ کرے تو اس کے اپنے ہی لوگ مارے جائیں۔ اسرائیل کی ڈیفنس فورس نے کہا ہے کہ یرغمالیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔حماس کے حملوں میں اب تک 24 غیر ملکی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کی بھی خبر ہے۔ ان میں نیپال کے 10، امریکہ کے 4، تھائی لینڈ کے 12 اور یوکرین کے 2 شہری شامل ہیں۔ یہاں امریکہ نے اسرائیل کو فوجی مدد فراہم کرنے کی بات کی ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ہمارے جہاز اور لڑاکا طیارے مدد کیلئے اسرائیل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ طیارہ بردار بحری جہاز (جنگی جہاز) کو الرٹ کر دیا ہے۔حماس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی اقدام فلسطینیوں کے خلاف جارحیت میں اپنا حصہ ادا کرنے کے مترادف ہے ۔ امریکہ کو چاہئے کہ اسرائیل کو ظالمانہ حرکتوں سے باز رکھے، نہ کہ خود اُس کی مدد کرے ۔ حماس کے جنگجو ٹریکٹر لے کر اسرائیل میں داخل ہو رہے ہیں۔ اسرائیل کے کرنل رچرڈ نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حماس کے جنگجو اب بھی اسرائیل میں داخل ہو رہے ہیں۔ ٹریکٹر پر داخل ہونے والے ایک جنگجو کو اسرائیلی فوجیوں نے ہلاک کر دیا۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل میں 7 سے 8 مقامات پر لڑائی جاری ہے۔ اس میں اُن کے 70 فوجی مارے گئے۔ جہاں سے حماس کے جنگجوؤں کو بھگایا جا رہا ہے وہاں اسرائیلیوں کی لاشیں مل رہی ہیں۔ کیرالا کی ایک خاتون اسرائیل میں زخمی ہو گئی ہے۔اقوام متحدہ نے کہاکہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں 1 لاکھ 23 ہزار لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ تقریباً 74 ہزار لوگ اسکولوں میں پناہ لے رہے ہیں۔ 7 اکتوبر کو اسرائیل میں میوزک فیسٹیول پر حماس کے حملے میں 260 افراد مارے گئے تھے۔ اسرائیل میں پھنسے میگھالیہ کے 27 عیسائیوں کو بحفاظت مصر پہنچا دیا گیا ہے۔