توباس(فلسطین): اسرائیل کی آرمی نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں تقریباً 80 فلسطینی بداوی لوگوں کے مکانات ڈھا دیئے۔ عہدیداروں اور عینی شاہدین نے چہارشنبہ کو بتایا کہ پوری کمیونٹی کو نشانہ بناتے ہوئے یہ اپنی نوعیت کی انوکھی کارروائی کی گئی۔ منگل کو دیر گئے اسرائیلی بلڈوزروں نے گاؤں کو تہس نہس کیا۔ موقع پر موجود اے ایف پی فوٹوگرافر نے بتایا کہ وادیٔ اُردن کے قریب توباس کے قریب یہ کارروائی کی گئی جہاں ڈیروں، شیڈس، عارضی بیت الخلاء اور سولار پینلس کو برباد کردیا گیا۔ درجنوں افراد دفعتاً بے گھر ہوگئے۔ فلسطینی وزیراعظم شتیع نے اسرائیلی فوجی دستوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دانستہ غیرفوجی علاقہ کو غیرمعمولی نقصان پہنچاتے ہوئے لوگوں کو بے آسرا کردیا ہے۔ ھومسا الباقیہ اب صفحہ ہستی سے مٹ چکا ہے۔ وادی ٔ اُردن ، مغربی کنارہ کے ایریا سی میں واقع ہے جہاں پر پوری طرح اسرائیلی آرمی کا کنٹرول ہے، جس نے مغربی کنارہ پر 1967ء سے قبضہ کیا ہوا ہے۔ اسرائیلی قوانین کے مطابق فلسطینی لوگوںکو اس علاقہ میں تعمیرات کی اجازت نہیں ہے۔