بروسیلز۔ 30 اگست (یو این آئی) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کلاس نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ رکن ممالک کے درمیان تقسیم کی وجہ سے وہ ’’پرامید نہیں ہیں‘‘ کہ غزہ کی جنگ پر بلاک اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ڈنمارک میں وزرائے خارجہ کے اجلاس میں غزہ کی صورتِ حال کی ابتدائی سزا کے طور پر اس تجویز پر تبادلئہ خیال کیا جائے گا کہ اسرائیلی سٹارٹ اپس کو یورپی یونین کی فنڈنگ معطل کر دی جائے ۔ لیکن بلاک اب تک یہ قدم اٹھانے کے لیے درکار لازمی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے چہ جائیکہ اسرائیل کے خلاف مزید سخت اقدامات کے ساتھ پیش رفت کی جائے ۔
امریکہ کی یوکرین کو فضائی دفاعی نظام کی فروخت کی منظوری
واشنگٹن۔ 30 اگست (یو این آئی) امریکہ نے یوکرین کو 179 ملین ڈالرکے فضائی دفاعی نظام کی فروخت کی منظوری دے دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کو پیٹریاٹ ائیرڈیفنس سسٹم کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کا بتانا ہے کہ پیٹریاٹ ائیرڈیفنس سسٹم کی لاگت کا تخمینہ 179ملین ڈالرہے ۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اعلان میں کہا تھا کہ امریکہ یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کرے گا تاکہ وہ روسی حملوں کا مقابلہ کر سکے ، یہ ہتھیار ایک نئے معاہدے کے تحت یوکرین کو بھیجے جائیں گے جس کے تحت نیٹو کچھ ہتھیاروں کی قیمت امریکہ کو ادا کرے گا۔