اسرائیل پر یمن کے حوثی باغیوں کا ہائپر سونک میزائل حملہ

,

   

اسرائیلی عوام خوفزدہ ، 20 لاکھ اسرائیلی پناہ گاہوں میں منتقل، کئی افراد زخمی

تل ابیب: یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا جو تل ابیب کے قریب ایک مقام پر گرا جس کے بعد ایک کھلے علاقہ میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حملے کے بعد اسرائیلی عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور وہ اپنے گھروں سے نکل پڑے۔ میڈیا کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کیلئے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیاگیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کیلئے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل گو گرانے میں ناکام رہے۔ خبر کے مطابق میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی دفاعی نظام کے تحت سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں لاکھوں اسرائیلی ملک کے مختلف حصوں میں قائم کی گئی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑے جس کے باعث 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔یمنی باغیوں کے حملے کے بعد حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔یحییٰ ساری نے مزید کہا کہ ہمارے فائر کئے گئے ہائپر سونک میزائل نے 2000 کلومیٹر سے زائد کا سفر صرف 11 منٹ 30 سیکنڈ میں طے کیا اور اسرائیل میں اپنے ٹارگٹ تک پہنچا اور اس نے پہلی مرتبہ 20 لاکھ اسرائیلیوں کو ایک ہی وقت میں محفوظ پناہ گاہوں یعنی شیلٹرس میں جانے پر مجبور کردیا۔