اسرائیل کا رفح کراسنگ دوبارہ کھولنے کا اعلان

   

غزہ۔ 31 جنوری (یو این آئی) اسرائیل نے رفح کراسنگ یکم فروری سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے ، یہ اقدام غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر مسلسل بمباری کے بعد بالآخر فلسطینیوں کا دیرینہ مطالبہ مانتے ہوئے غزہ اور مصر کے درمیان واحد زمینی راستہ رفح گزرگاہ کو یکم فروری سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں شہری امور سے متعلق اسرائیلی حکومتی ادارے کوآرڈی نیٹر آف گورنمنٹ ایکٹیویٹیزان دی ٹیریٹریز نے بتایا ہے کہ رفح بارڈر کراسنگ محدود شرائط کے تحت کھولی جائے گی، جس کے ذریعے غزہ اور مصر کے درمیان لوگوں کی آمد و رفت کی اجازت دی جائے گی تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ روزانہ کتنے افراد کو سرحد عبور کرنے کی اجازت ہوگی۔ حکومتی ادارے کے مطابق صرف وہی فلسطینی جو جنگ کے دوران غزہ سے مصر گئے تھے ، اسرائیلی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مصر سے واپس غزہ آ سکیں گے اور یہ عمل مصر کے ساتھ رابطے میں مکمل کیا جائے گا۔