یروشلم۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی کابینہ نے منگل کے روز (حیرت انگیز طور پر) اتفاق رائے سے مقبوضہ مغربی کنارہ میں فلسطینیوں کیلئے زائد از 700 ہاؤزنگ یونٹس کی مجوزہ تعمیر کی منظوری دے دی جو 6,000 اسرائیلی ہاؤزنگ یونٹس کی تعمیر کے علاوہ ہوں گے۔ دریں اثناء ایک اسرائیلی عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بند کمرے میں ہوئی بات چیت کے بارے میں بتایا کہ وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو حکومت نے منگل کے روز ہاؤزنگ یونٹس کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ اور وہ بھی ایک ایسے وقت جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد اور مشرق وسطیٰ کے کلیدی قاصد جارڈ کوشنر آئندہ ہفتہ اس خطہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ فلسطینیوں کیلئے ہاؤزنگ یونٹ کی تعمیر کی اجازت ایریاسی میں دی گئی ہے جہاں مغربی کنارہ کے 60% علاقہ پر اسرائیل کا مکمل کنٹرول ہے اور جہاں اسرائیلی نوآبادیات کی اکثریت ہے۔ یوں تو نیتن یاہو نے اسرائیلیوں کیلئے ہزاروں مکانات کی تعمیر کی اجازت دی ہے لیکن فلسطینیوں کیلئے ہاؤزنگ یونٹس کی تعمیر کی اجازت دینا ایک شاذ و نادر ہونے والی بات ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے 1967ء کی مشرق وسطیٰ جنگ میں مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم پر قبضہ کرلیا تھا۔
