اسرائیلی حملے میں جنرل موسوی کی ہلاکت کا بدلہ لیا جائے گا:قدس فورس

   

تہران : ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک اسرائیلی میزائل حملے میں اپنے ایک جنرل کی ہلاکت پر کہا ہے کہ اس کا بدلہ لیا جائے گا۔اے پی پی نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کی انقلابی گارڈ فورس کے جنرل رضی موسوی پیر 25 دسمبر کی شام دمشق کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔اسرائیلی فوج نے، جو حالیہ برسوں میں جنگ سے متاثرہ ملک شام میں ایران سے منسلک اہداف پر سینکڑوں حملے کر چکی ہے، اپنے بیان میں صرف یہ کہا ہے کہ وہ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس پر تبصرہ نہیں کرتی۔ جنرل موسوی ایران کی قدس فورس کے غیر ملکی آپریشنز کے کمانڈر تھے۔ ان کی میت کو تدفین کے لیے ایران بھیجنے سے ایک روز قبل آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے عراق میں مقدس شیعہ مقامات پر لے جایا گیا۔ایران کی ایک مقامی خبررساں ایجنسی مہر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاسداران انقلاب یا آئی آر جی ایس کے ترجمان رمضان شریف نے کہا ہے کہ جنرل موسوی کے قتل کا ردعمل ہماری براہ راست کارروائی کے ساتھ ساتھ مزاحمت کے محور کی قوتوں کی جانب سے بھی آئے گا۔