اسرائیلی فائرنگ سے امداد کے منتظر 25 فلسطینی جاں بحقگزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 79 فلسطینی شہید، 289 زخمی

,

   

غزہ، 24 جون (یو این آئی)غزہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 79فلسطینی شہید جبکہ 289 زخمی ہوگئے ۔فلسطینی وزارت صحت کے بیان کے مطابق مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیلی حملوں میں 5 ہزار 759 فلسطینی شہید ہوچکے ۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 19ہزار 807افراد زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی حکام کے مطابق 7اکتوبر 2023کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 56ہزار 77فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 31ہزار 848زخمی ہوچکے ہیں۔غزہ ۔ 24 جون (ایجنسیز) اسرائیلی فورسز اور ڈرونز نے منگل کو علی الصبح وسطی غزہ میں امدادی ٹرکوں کے منتظر سینکڑوں فلسطینیوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔اس تازہ خونریز واقعہ کی اطلاعات فلسطینی عینی شاہدین، دواخانوں اور غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے فراہم کیں۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس تناظر میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ غزہ پٹی میں نصیرات کیمپ کے قریب صلاح الدین روڈ پر پیش آیا، جہاں سینکڑوں فلسطینی امدادی سامان والے ٹرکوں کے قریب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ عودہ ہسپتال نے بتایا کہ 25 افراد ہلاک اور 146 زخمی ہوئے، جن میں سے 62 کی حالت نازک تھی۔ بہت سے زخمیوں کو وسطی غزہ کے دیگر دواخانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ دیر البلاح کے الاقصیٰ شہداء ہاسپٹلس نے اسی واقعے میں چھ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی قابض فورسز نے گولیوں اور ٹینکوں کے گولوں سے شہریوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور تقریباً 150 زخمی ہوئے۔‘‘عینی شاہد احمد ہلاوہ نے اسے ’’قتل عام‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹینکوں اور ڈرونز نے لوگوں پر فائرنگ کی، یہاں تک کہ تب بھی جب ہم بھاگ رہے تھے۔ بہت سے لوگ شہید یا زخمی ہوئے۔‘‘ایک اور عینی شاہد حسام ابو شہادہ نے بتایا کہ ڈرونز پہلے سے ہی علاقے میں پرواز کر رہے تھے اور جب لوگ مشرق کی طرف بڑھے، تو ٹینکوں اور ڈرونز سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ انہوں نے اس منظر کو ”افراتفری اور خونریزی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے کم از کم تین افراد کو زمین پر بے حرکت پڑے دیکھا۔