نابلس:قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہروں نابلس اور جنین میں متعدد مقامات پر فلسطینیوں پرحملے کئے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔نابلس کے شمال مغرب میں برقہ نامی گائوں میں شہریوں کے گھروں پر قابض فوجیوں کی حفاظت میں یہودی آباد کاروں کے حملے کے دوران دو نوجوان زخمی ہوئے اور درجنوں افراد زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔شمال مغربی کنارے میں سیٹلمنٹ فائل کے انچارج افسر غسان دغلس نے بتایا کہ آباد کاروں نے برقہ گائوں کے مغربی حصے میں شہریوں کے گھروں پر حملہ کیا، بھیڑ بکریوں کے لئے ایک بیرک اور اردگرد کی زمینوں میں موجود زیتون کے درختوں کو جلا دیا گیا۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور ان پر صوتی بم برسائے۔دغلس نے بتایا کہ قصبے میں اب بھی آباد کاروں اور رہائشیوں کے درمیان تصادم جاری ہے جو ان کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سیاق و سباق میں جنین کے مغرب میں واقع گائوں زبوبہ میں اسرائیلی قابض افواج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران متعدد شہری زخمی ہوئے۔ قابض فورسز کے گائوں پر دھاوا بولنے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں، اس دوران انہوں نے زہریلی گیس اور صوتی بم برسائے، جس سے متعدد شہری زخمی ہوئے۔