اسرائیلی فوجی سمیت 2 یہودی خواتین اور 5 تھائی شہری رہا

   

غزہ :حماس نے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے آج 8 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے 110 فلسطینی قیدیوں کو رہائی ملے گی۔ غزہ سے حماس نے ایک اسرائیلی خاتون فوجی، 5 تھائی شہری اور دو مزید اسرائیلی خواتین کو رہا کردیا۔اسرائیلی خاتون فوجی 20 سالہ اگم برجر کو جبالیہ پناہ گزین کیمپ سے رہا کیا گیا ان کے بعد دو مزید اسرائیلی 29 سالہ اربیل یہود اور 80 سالہ گادی موسیس کو بھی رہا کیا گیا۔ علاوہ ازیں حماس نے تھائی لینڈ کے 5 شہریوں کو بھی رہا کیا۔ مجموعی طور پر 8 یرغمالیوں کو رہائی ملی۔حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جو مقام چْنا اس نے سب کو حیران کردیا جو یحیٰ السنوار کا تباہ حال گھر تھا۔اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ یرغمالیوں کو بحفاظت ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا اور پیغام دیا کہ اپنے رہنما کی شہادت اور کھنڈر بنے گھر کے باوجود صبر و تحمل کے ساتھ معاہدہ کو نبھایا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حماس نے غزہ سے 4 خواتین اسرائیلی فوجیوں کو رہا کیا جس کے بدلے میں اسرائیل نے 200 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔