اسرائیلی مظالم کیخلاف آسٹریلیا میں فلسطین کیلئے ملک گیر احتجاج

   

کینبرا۔ 25 اگست (ایجنسیز) غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف آسٹریلیا میں ملک گیر احتجاج کیا گیا، فلسطینیوں کی حمایت میں لاکھوں افراد نے سڑکوں پر آکر غزہ میں نسل کشی روکنے اور جبری قحط ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی، میلبرن، ایڈیلیڈ، پرتھ،کینبرا، ہوبارٹ اور برسبین سمیت دیگر شہروں میں لاکھوں افراد نے مارچ کیا اور فلسطین آزاد کرو اور بچوں کو مارنا بند کرو کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور جبری قحط ختم کرنیکا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین نے آسٹریلوی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ غزہ میں جاری مظالم کے خلاف اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جائیں۔منتظمین کے مطابق آسٹریلیا کے 40 مختلف شہروں اور قصبوں میں ہونے والے مظاہروں میں 3 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ آسٹریلیا کے علاوہ بھی دنیا کے مختلف شہروں میں اتوار کو بڑے احتجاجی مظاہریکیے گئے۔برطانیہ میں بینک کے اندر اسرائیل سے مالی معاملات ختم کرنے کے لیے دھرنا دیاگیا، مظاہرین نے حکومت سے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا۔ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھی احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے غزہ میں جبری قحط اور فلسطینیوں کی نسل کْشی بند کرنے کے نعرے لگائے۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں مظاہرین نے انسانی زنجیر بناکر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاجی ریلی نکالی گئی جہاں مظاہرین نے فلسطین آزاد کرو کے نعرے بلند کیے۔ اسرائیل میں بھی نیتن یایو حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا، دارالحکومت تل ابیب میں فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر ہزاروں افراد جمع ہوکر غزہ میں فوری جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔