اسرائیلی وزیر خارجہ کا بیانقابل مذمت ،ترکیہ کا موقف

   

انقرہ : ترکیہ نے مغربی کنارے میں اسرائیل کی طرف سے شروع کیے گئے غیر قانونی آپریشن اور اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاتز کے اس بیان کی شدید مذمت کی کہ وہ غزہ میں ہونے والے عمل کو مغربی کنارے تک لے جائیں گے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں شروع کیے گئے غیر قانونی آپریشن اور اسرائیلی وزیر خارجہ کے اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں ہونے والے طرز عمل کو مغربی کنارے تک لے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی حکومت کی نسل کشی کی پالیسیاں بین الاقوامی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔