اسرائیلی وزیر دفاع کی فلسطینی صدر سے ملاقات

   

تل ابیب : اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گانٹز نے کہا ہے کہ اقتصادی اور سکیورٹی کے تعلقات مضبوط کرنے کے لیے انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیل کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات منگل کی رات کو اسرائیل میں وزیر دفاع بینی گانٹز کی رہائش گاہ پر ہوئی ہے۔خیال رہے کہ اگست میں فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی وزیر دفاع کی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں میزبانی کی تھی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسری ملاقات منگل کو ہوئی ہے۔ایک دہائی سے زائد کے عرصے کے دوران ہونے والا یہ فلسطینی صدر کا اپنی نوعیت کا پہلا ایسا دورہ ہے۔فلسطینی اہلکار حسین الشیخ کا کہنا ہے کہ محمود عباس اور بینی گانٹز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اسرائیل اور فلسطین کے تنازعہ کے حل پر بات چیت ہوئی۔