واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ امریکی ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کے لیے پنٹگان کا دورہ کریں گے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہو گا جب غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی جاری ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے جس کے بارے میں وشنگٹن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اس کی حمایت کی ہے تاہم اسرائیلی حکومت کے انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں میں سے کچھ اس پر غصے میں ہیں۔رواں ہفتے ایک باضابطہ ردعمل میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس نے جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کے کئی نکات پر جوابی تجاویز پیش کرتے ہوئے اس منصوبے پر ا?گے بڑھنے کے عمل کو روک دیا ہے۔پینٹاگون کے پریس سیکرٹری میجر جنرل پیٹرک رائڈر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منگل کو وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک فون کال میں یوو گیلنٹ نے پینٹاگون کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی۔جنرل رائڈر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس دورے کی تاریخ کا تعین ہونا ابھی باقی ہے اور اس ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری سکیورٹی پیش رفت پر مزید بات چیت کرنا ہے۔گزشتہ برس 8اکتوبر کو حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی چھڑنے کے بعد سے غزہ میں 37 ہزار سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور اسرائیلی حکومت کو عالمی ردعمل کا سامنا ہے۔