مرکزی حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی امور کے عہدیداروں کی آمد
حیدرآباد۔3مارچ(سیاست نیوز) مرکزی حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی امو ر کی جانب سے روانہ کئے جانے والے اسسٹنٹ حج آفیسرس کے انٹرویوز 5مارچ سے حیدرآباد میں منعقد کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی نے بتایا کہ حکومت ہند کی جانب سے ہندستانی حجاج کرام کی سہولت کیلئے ہندستان کی مختلف ریاستوں سے روانہ کئے جانے والے اسسٹنٹ حج آفیسرس کیلئے انٹرویو کا انعقاد شہر حیدرآباد میں ہونے جا رہاہے اور 5 تا 14مارچ ملک کی 5ریاستوں سے روانہ ہونے والے اسسٹنٹ حج آفیسرس کا انٹرویو کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایاجائے گا۔ مرکزی حج کمیٹی اور مرکزی وزارت اقلیتی امور کے عہدیداروں کی جانب سے جاری مسلسل مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان انٹرویوز کے لئے شہر حیدرآباد پہنچنے والے تمام درخواست گذاروں کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور عہدیداروں کے لئے خصوصی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے عہدیدار جو نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچیں گے ان کے علاوہ حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیدار ممبئی سے حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ 5تا14مارچ کے دوران منعقد ہونے والے ان انٹرویوز میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ کر ناٹک ‘لکشدیپ‘ تمل ناڈو‘ کیرالہ‘ آندھراپردیش کے امیدواروں کے انٹرویوز کئے جائیں گے اور ان انٹرویوز کے دوران درخواست گذاروں کی صلاحیت اور ان میں موجود قابلیت کا جائزہ لینے کے بعد ان کا حج 2019کے لئے اسسٹنٹ حج آفیسر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے سال گذشتہ بھی تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کو یہ ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے عہدیداروں کو روانہ کیا تھا اور اس مرتبہ بھی اسسٹنٹ حج آفیسرس کے انتخاب کیلئے انٹرویوز کا انعقاد شہر حیدرآباد میں ہونے جا رہاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں درخواست گذاروں کے قیام و طعام کے علاوہ عہدیداروں کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور سال گذشتہ کے انتظامات کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند کے محکمہ اقلیتی امور نے تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کی نگرانی میں یہ انٹرویوز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔