سی سی کیمروں سے ملزمین اور آٹو کی نشاندہی کی کوشش، ملزمین کو گرفتار کرنے خصوصی ٹیم تشکیل
حیدرآباد۔ شہر کے علاقہ سمتا کالونی ٹولی چوکی میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر پر بعض نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 55 سالہ نظیر احمد جو کوٹھی ویمنس کالج میں شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں پر بعض نامعلوم افراد جو آٹو میں سوار تھے ان کے مکان کے قریب تیز دھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور حملہ آوروں نے سمجھا کہ اسسٹنٹ پروفیسر کا قتل ہوگیا ہے اور وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی لیکن وہاں کے مقامی افراد نے نظیر احمد کو بروقت دواخانہ منتقل کیا جہاں پر وہ زیر علاج ہیں۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر چندر شیکھر ریڈی اور ان کی ٹیم مقام واردات پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کی جس میں وہ خوفناک منظر دستیاب ہوا ہے جس میں اسسٹنٹ پروفیسر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ نظیر احمد جن کا تعلق ظہیرآباد سے ہے کوٹھی ویمنس کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ ملکر رئیل اسٹیٹ کاروبار کرتے ہیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ کے پس پردہ رئیل اسٹیٹ سے متعلق مخاصمت ہوسکتی ہے اور اس معاملہ کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس گولکنڈہ نے حملہ آوروں کے خلاف اقدام قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور آٹو کے نمبر کے ذریعہ حملہ آوروں کی نشاندہی کی جارہی ہے جبکہ ان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔