اسقاط حمل کے دوران معشوقہ کی موت، عاشق فرار

   

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شادی کے وعدہ پر عاشق سے جنسی وابستگی ایک لڑکی کی ہلاکت کا سبب بن گئی جہاں اسقاط حمل کے دوران لڑکی فوت ہوگئی جو عاشق کے ذریعہ حاملہ ہوگئی تھی۔ یہ واقعہ کتہ گوڑم میں پیش آیا۔ لڑکی کی موت کے بعد اس کے والدین کو اس بات کا علم ہوا جنہوں نے پولیس سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس سنسنی خیز واقعہ میں فوت ہونے والی لڑکی کا عاشق نندو فرار ہوگیا جس کو پولیس تلاش کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بی نندو نے لڑکی سے محبت کی اور شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس کو اپنی جنسی خواہش کا شکار بنایا۔ لڑکی نے عاشق کے وعدہ پر یقین کرتے ہوئے اپنی عصمت کو اس کے حوالے کیا اور دونوں میں کئی دنوں تک جنسی وابستگی کا سلسلہ جاری تھا۔ لڑکی سے مزے لوٹنے والا نندو اور لڑکی حمل سے بے خبر تھے۔ ایک دن لڑکی کی صحت اچانک بگڑ گئی۔ ہاسپٹل سے رجوع ہونے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ لڑکی حمل سے ہے جس کے بعد نندو نے لڑکی کو گولیاں دی ان گولیوں کے استعمال کے بعد لڑکی کی صحت بگڑ گئی اور کتہ گوڑم کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران لڑکی فوت ہوگئی۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد لڑکی کے والدین کو طلب کیا جبکہ نندو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نندو کو تلاش کررہی ہے۔ ع