اسلام آباد میں بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس کا اعلامیہ جاری
اسلام آباد: مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ شرکاء واضح پیغام دیتے ہیں کہ اسلام اور لڑکیوں کی تعلیم کو بدنام کرنا بند کیا جائے۔اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں رابطہ اسلامی اور مسلم ورلڈ لیگ نے 2 روزہ تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں او آئی سی، اقوام متحدہ، رابطہ اسلامی سمیت دنیا بھر سے مفکرین و ماہرین نے شرکت کی۔کانفرنس میں لڑکیوں کی تعلیم کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے، کانفرنس میں ہوئے معاہدوں کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ تعلیمی کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ مسلم ممالک نے صحیح سمت میں قدم اٹھاتے ہوئے لڑکیوں کی تعلیم کو سراہا ہے، شرکاء نے لڑکیوں کی تعلیم کو صرف مذہبی نہیں بلکہ معاشرتی اعتبار سے اہم قرار دیا۔ اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تعلیمی عمل کو منظم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ لڑکیوں کی تعلیم میں حائل انتہا پسندانہ خیالات، فتوے، نظریات سے خبردار کیا جاتا ہے، غربت اور سماجی چیلنجز والے معاشروں میں لڑکیوں کو تعلیمی اسکالر شپ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔