استنبول میں تنظیم اسلامی تعاون کا وزارتی اجلاس، صحافتی اعلامیہ جاری
استنبول ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مسلم ممالک نے نیوزی لینڈ کی مسجد پر حملوں میں 50 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعات کے بعد اقوام عالم پر زور دیا ہیکہ اسلام سے خوف و نفرت کی بنیاد پر کئے جانے والے حملوں کے خلاف تمام ضروری اور واجبی اقدامات کئے جائیں۔ تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزراء نے استنبول میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایک صحافتی بیان میں کہا کہ اسلاموفوبیا کی بنیاد پر پھوٹ پڑنے والے تشدد سے نمٹنے کیلئے جامع، جائز، واجبی، منظم و منصوبہ بند اقدامات کی ضرورت ہے۔ او آئی سی نے کہا کہ مسجدوں پر حملے اور مسلمانوں کے قتل سے اسلام سے نفرت کے پیمانہ، غیرانسانی اور خوفناک نتائج کا اظہار ہوتا ہے۔ مسلم ممالک کی تنظیم نے ان ممالک کو جہاں مسلم برادریاں، اقلیتیں اور مہاجرین رہتے ہیں، انہیں ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جو اسلام کو دہشت گردی، انتہاء پسندی اور سماج کیلئے لاحق خطرات سے منسوب کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو ہوئے حملوں میں ایک بندوق بردار برنٹن ٹیرنیٹ نے 3 تا 77 سال کی درمیان عمر کے 50 مرد، خواتین اور بچوں کو ہلاک اور دیگر درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔ سفید فام برتری کے خودساختہ حامی نے سوشیل میڈیا پر ایک منشور پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ’’مسلم قابضین‘‘ کے خلاف حملہ ہے۔