مسلم طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے پر زور ، بیدر میں یوم خواتین پروگرام ، مقررین کا خطاب
بیدر: اسلام نے خواتین کو بھرپور عزت اور احترام سے نوازا۔حضرت محمد ﷺ کی بعثت سے قبل لڑکیوں کوپیدا ہوتے ہی زمین میں زندہ دفن کردیا جاتا تھا، انھیں وراثت میں حصہ نہیں تھا۔ خواتین کی کوئی عزت نہیں تھی لیکن جب رحمتہ للعالمین تشریف لائے تو اسلام نے خواتین کو وراثت میں حصہ دیا۔ خواتین کو ایک بھرپور زندگی دی ۔ یہ باتیں جناب سید خورشید قادری ای سی او برائے DDPI بیدر نے کہیں۔ وہ آج ’’عالمی یومِ خواتین‘‘ کے موقع پر گلوبل سنمارگ پبلک اسکول ، موقوعہ اندرون فتح دروازہ بیدر میں خصوصی خطاب کررہے تھے۔انھوں نے مزید کہاکہ آج لڑکیوں اور خواتین کو بلاشبہ نظرانداز کیاجاتاہے۔ لڑکوں پر والدہ زیادہ توجہ دیتی ہیں۔ لڑکیوں کو اردومیڈیم میں شریک کیاجاتاہے اور لڑکوں کو انگریزی میڈیم میںجبکہ لڑکیاں (اور خواتین) نہایت ہی صابر وشاکر ہوتی ہیں۔ ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے۔ لڑکیاں اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔ اور قوم وملت کانام روشن کریں۔ آج پی یوسی اور دہم جماعت کے نتائج سامنے آتے ہیں تو لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیاں ہی آگے ہوتی ہیں۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ سیدخورشید قادری نے طالبات اور خواتین اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ ٹی وی اور موبائل سے دور رہیں۔ تعلیم محنت سے حاصل ہوتی ہے اور اس کے حصول کے لئے دل لگاکر محنت کریں۔ صحافی اور شاعر جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے اپنے خطاب میں طالبات سے کہاکہ اسلام نے بلاشبہ عورت کو جینے کاحق دیا۔ والدین کی جائیداد میں حصہ عطاکیا۔ عورت کی شادی میں اس کی اپنی مرضی کو شامل کیا۔شوہر کے ظلم وستم کے پیش نظر طلاق (خلع)لینے کاحق دیا۔ اور آزادانہ کاروبار سے بھی منع نہیں کیا۔ اتنی ساری آزادیاں اسلام نے دی ہیں۔جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے مسکان خان ، زہر انسیم ، رخسانہ نازنین ، بشریٰ متین ، ثانیہ مرزاور میتھالی راج کے نام طالبات کے سامنے پیش کرکے ان سے دریافت کیاکہ یہ کون ہستیاں ہیں ؟طالبات کے جواب کے پیش نظر انھوں نے کہاکہ آج مسلم طالبات کو ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنا ہے۔سائیکل چلانے سے لے کر ہوائی جہا زاڑانے تک مسلم خواتین آگے آئیں۔ یہی آج کے پروگرام کامقصد ہے۔ صدرمعلمہ اخترفاطمہ نے پروگرام کی صدارت کی۔ جناب محمداظہر پاشاہ چیرمین گلوبل سنمارگ پبلک اسکول نے نظامت کے فرائض انجام دئے اور طالبات سے وعدہ کیاکہ ان کی شخصی تربیت اور جنرل نالج کے لئے اس طرح کے مزید پروگرامس رکھے جائیں گے۔ان ہی کے شکریہ پر تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔