نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے آئندہ 11اگست کو ہونے والے انتخابات میں صدرکے عہدے کے امیدوار اورسابق آئی آر ایس افسر ابرار احمد نے کہا کہ اسلامک کلچرل سنٹرایک سیکولر ادارہ ہے اور اس کامقصد گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینا ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ رات اسلامک کلچرل سنٹر کے انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اسلامک سنٹر کو حکومت ہند نے زمین الاٹ کی ہے اور اس کا کردار سیکولر ہے ، اس کے مقاصد میں انٹرفیتھ ڈائیلاگ ہے اور برادران وطن کے اخوت کے فروغ اور گنگا جمنی تہذیب کو بڑھاوا دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو سنٹر کو حکومت اور اقلیت کے درمیان ایک پل بنائیں گے تاکہ اقلتیوں کے جذبات و احساسات سے حکومت ہند کوواقف کرایا جاسکے ۔ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو ان کا کام بولے گا۔ ابرار احمد نے کہاکہ سنٹر کے مقصد سول سروس کی تیاری بھی تھا جو اب نہیں ہورہا ہے ۔ ہم اس پر توجہ دیں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سنٹر میں جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے ۔ اس وجہ سے ہم نے الگ ہوکر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بحران کا وقت ہے اور اراکین امیدواروں کے خدمت کے جذبے کو دیکھ کر ووٹ دیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سنٹر اقلیت کی آواز بن سکتی ہے اور ہم لوگ اس سمت میں کام کریں گے ۔