اسلامی طرز پرنئی نسل کی ذہنی و اخلاقی نشونما ضروری

   

ہنمکنڈہ میں ’ اسلامک فری سمر کیمپ‘ کی اختتامی تقریب سے مقررین کا خطاب
ورنگل ۔ تاج دکن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی ورنگل کے زیر اہتمام چلائے جانے والے مدرسہ دار العلوم دکن للبنات احاطہ درگاہ عبدالنبی شاہ ؒ ہنمکنڈہ میں آج سمر کیمپ کے اختتامی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔محمد سلیم صدر تاج دکن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی ورنگل نے پروگرام کی صدارت کی ۔مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب عمر علی شاہ قادری متولی و سجادہ نشین بارگاہ عبدالنبی شاہ ؒ ہنمکنڈہ ،محمد عبدالجلیل خان نائب صدر سوسائٹی ہذا نے شرکت کی ۔مولانا عبدالحفیظ اکیڈیمک انچارج نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔اس موقع پر مقررین نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔بچوں کو بچپن سے ہی دینی تعلیم سے آراستہ کیا گیا تو بڑے ہوکر بھی اس چیز کو یاد رکھیں گے ۔والدین اپنے بچوں کی دینی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔گھروں میں دینی ماحول پیدا کریں ۔بچوں کو اخلاق سے نوازیں ۔نمازوں کا پابند بنائیں ۔اس دینی کیمپ میں طلباء کو حفظ سورۃ ،حفظ حدیث ،عقاعد و مسائل ،دعا و سنت ،اسلامی تربیت ،آسان دین اور سیرت النبی ؐکی تعلیم فراہم کی گئی ۔اس موقع پر لڑکے اور لڑکیوں نے دینی تعلیم کا بہتر مظاہرہ کیا ۔بعد ازاں طلباء کو اسنادات ،ایوارڈس اور میڈل سے نوازا گیا ۔محمد ظہور ڈائرکٹر آئوٹ ریچ ایم سی سی نے ہدیہ تشکر پیش کیا ۔ اس موقع پر ممبران محمد امجد ،محمد ساجد کے علاوہ اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔