یکساں سیول کوڈ بے وقت کی راگنی، سوجھ بوجھ کیساتھ ردعمل کی ضرورت: مولانا سیف اللہ رحمانی
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ایمانی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشکل اور نازک حالات میں ایمانی غیرت اور دینی حمیت کیساتھ جینا ایک مسلمان کی پہچان ہے اور قوانین شریعت کی حفاظت کے لیے جدوجہد کرنا ہر صاحب ایمان کا دینی اور شرعی فریضہ ہے ۔یہ بات انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے آن لائن بذریعہ زوم منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ یونیفارم سیول کوڈ ہندوستان جیسے کثیر مذہب اور تہذیب والے ملک کے لیے کسی بھی طرح قابل عمل اور قابل قبول نہیں ہے ۔ لہٰذاقوانین شریعت کی حفاظت کے لیے ہمیں آگے آنا چاہیے اور ابھی کے مرحلے میں عوامی احتجاج اور سڑکوں پر نکلنے کی بجائے لا کمیشن آف انڈیا کو زیادہ سے زیادہ ای میل کے ذریعہ اپنی رائے بھیجنی چاہیے ۔بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے یونیفارم سیول کوڈ کے نقصان دہ پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ارکان بورڈ سے یہ کہا کہ اس وقت ہر قسم کی جذبات سے بچتے ہوئے منظم جدوجہد کی ضرورت ہے اور اس مسئلے کے سلسلے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے علماء ائمہ اور خطباء کا کردار بہت اہم ہے ، اس کے بعد بورڈ مختلف ارکان نے اس سلسلے اپنی رائے اور تجویز پیش کی، جس کی روشنی میں مندرجہ ذیل تجویز منظور کی گئی:حالیہ دنوں میں ہمارے ملک میں یکساں سیول کوڈ کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات تیزکر دیئے گئے ہیں اور الگ الگ مذاہب اور تہذیبوں کے اس ملک کو یونیفارم سیول کوڈ کے ذریعہ مذہبی اور تہذیبی آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اسی سلسلے میں لا کمیشن آف انڈیا نے ملک کے شہریوں سے یکساں سیول کوڈ کے بارے میں رائے مانگی ہے ۔ہمیں اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر ای میل کے ذریعہ لا کمیشن آف انڈیا کو جواب بھیجناچاہئے اوریکساں سیول کوڈ کی مخالفت کرنی چاہیے ۔مولانا مجددی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس سلسلے میں ایک لنک بھی تیار کی ہے اور QR کوڈ بھی بنایا ہے ۔ یہ لنک اور QR کوڈ بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے عام کیا جاچکا ہے ۔ تمام لوگوں کو اس لنک یاQR کوڈ کو استعمال کرکے ای میل کے ذریعہ اپنی رائے ضرور دینی چاہئے ۔افتتاحی کلمات پیش اور نظامت کرتے ہوئے بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہاکہ ملک کو قانون کی یکسانیت کی نہیں امن و انصاف اور اتحاد وسالمیت کی ضرورت ہے یکساں سیول کوڈ بے وقت کی راگنی ہے ۔مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی (رکن عاملہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی دعا پراجلاس اختتام پذیر ہوا۔