میدک میں سائنس فیئر کے موقع پر طلبہ و اساتذہ سے ضلع کلکٹر کا خطاب، سائنسی ماڈلس کا معائنہ
میدک۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک کے ویسلی ہائی اسکول ’’گول بنگلہ‘‘ میں ضلع سطح کے اِنسپائر سائنس فیئر کا ضلع محکمہ تعلیم کی جانب سے شاندار اہتمام کیا گیا جس کا افتتاح ضلع کلکٹر راہول راج نے شمع روشن کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او محترمہ وجیا، ضلع سائنس آفیسر راجی ریڈی، اساتذہ تنظیموں کے قائدین، اساتذہ اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر راہول راج نے کہا کہ سائنس فیئر کیلئے منتخب کردہ تھیم اور سب تھیمس “سائنسی ماڈلس” موجودہ دور اور ملک کی ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔ طلبہ صرف سائنسی مضامین پڑھنے تک محدود نہ رہیں بلکہ موجودہ تکنیکی ترقی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی علمی سطح کو مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونس میں دستیاب اے آئی ایپس جیسے ChatGPT، Gemini وغیرہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے طلبہ کسی بھی موضوع پر معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ اس سہولت کو بہتر مستقبل کیلئے مثبت طریقے سے استعمال کریں۔ کلکٹر نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے خان اکیڈمی، فزکس والا جیسی تعلیمی پلیٹ فارمز سے معاہدے کیے ہیں جن کے ذریعہ طلبہ مفت آن لائن کورس میٹریل حاصل کرسکتے ہیں۔ اسمارٹ فون کو وقت کے ضیاع کے بجائے تعلیمی استعمال میں لانے کی تاکید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی رہنمائی میں طلبہ متعلقہ ویڈیوز دیکھ کر مسابقتی امتحانات کیلئے خود کو تیار کرسکتے ہیں۔ کلکٹر نے سائنس فیئر کی بہترین تنظیم پر محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی ستائش کی۔ ڈی ای او وجیا نے کہا کہ طلبہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی دلچسپی کے مطابق کورسز کا انتخاب کریں اور دستیاب سہولتوں سے بھرپور استفادہ کریں۔ کلکٹر راہول راج نے پوری نمائش کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کے تیار کردہ مختلف ماڈلس اور آلات کا معائنہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس سائنس فیئر میں 425 سائنس فیئر اور 50 اِنسپائر پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔