وزیر فینانس ہریش راؤ کی پیش قیاسی، بی جے پی کو’بٹے باز جھوٹی پارٹی‘ قرار دیا
حیدرآباد ۔ 7 فبروری (سیاست نیوز) وزیرفینانس ہریش راؤ نے یو پی کے بشمول پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے بعد پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپئے تک اضافہ کی پیش قیاسی کی ہے۔ سدی پیٹ میں ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی کی نئی اصطلاح پیش کرکے اس کو ’بٹے باز جھوٹے باز پارٹی‘ قرار دیا اور کہاکہ بی جے پی صرف سیاسی فائدے کیلئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتی ہے۔ انتخابات کے بعد انہیں فراموش کردیتی ہے۔ سالانہ 2 کروڑ ملازمتیں ، ہر شہری کے بنک کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے ‘ 2022 تک ہر غریب کو گھر دینے کے علاوہ مزید کئی وعدے کئے گئے جس پر کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔ تقریباً 8 سال سے بی جے پی ‘ مرکزی حکومت میں ہے، جس کے بعد ملک کی معاشی صورتحال ابتر ہوگئی۔ شرح بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا ۔ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید 10 روپئے کا اضافہ کردیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کیڈر کو بی جے پی کی گمراہ کن مہم کا ’منہ توڑ‘ جواب دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت زرعی شعبہ کے سبسیڈیز کو گھٹا کر کسانوں کے مالی بوجھ میں اضافہ کررہی ہے۔ سبسیڈی میں کمی کے بعد کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائیگا۔ برقی قوانین میں ترمیم اور زرعی باؤلیوں کو برقی میٹرس لگانے مرکز نے نئی قانون سازی کی مگر اس میں تلنگانہ حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جسم میں روح رہنے تک اس پر عمل نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ آزادی کے بعد سے آج تک مرکز‘ ریاست سے دھان خرید رہی ہے مگر ہاسنگی کے دھان نہ خریدنے کا بی جے پی حکومت نے اعلان کیا ہے۔ن