وزراء کی جانب سے اداروں کی رپورٹ پیش، اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا اجلاس آج منعقد ہوا اور اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں میں 9 سابق ارکان مقننہ اور 4 سابق ارکان کونسل کو خراج پیش کرنے کے بعد اجلاس کو پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ دونوں ایوانوں میں ریاستی وزراء کی جانب سے مختلف اداروں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے اسمبلی جبکہ عبوری صدرنشین بھوپال ریڈی نے صدارت کی۔ صبح 11 بجے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا آغاز ہوا اور اسپیکر نے ریاستی وزراء کی جانب سے 9 مختلف رپورٹس کی پیشکشی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد سابق ارکان اسمبلی کے بجی، اجمیرا چندو لال ، کے سائی ریڈی ، کے بھکشم ، ایم ستیہ نارائن راؤ ، جگنادھم ، آر متیم ریڈی ، بی سیتا رامیا اور سی ایچ کاشیا کے دیہانت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تعزیتی قرارداد پیش کی ۔ اسپیکر نے سابق ارکان اسمبلی کی عوامی اور ترقیاتی خدمات کا تذکرہ کیا جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ تعزیتی قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان کو پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں سابق ارکان پی لمبا ریڈی ، ٹی لکشما ریڈی ، ایچ اے رحمن اور آر متیم ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ دونوں ایوانوں میں تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ ترمیمی آرڈیننس ، ہارٹیکلچر یونیورسٹی ترمیمی آرڈیننس ، تلنگانہ اسٹیٹ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی سالانہ رپورٹ ، ٹرانسمیشن کارپوریشن آف تلنگانہ کی سالانہ رپورٹ ، سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی ، ناردرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی سالانہ رپورٹس ، تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، تلنگانہ پاور فینانس کارپوریشن کی رپورٹس کے علاوہ تلنگانہ سمگرا سکشا کی سالانہ رپورٹ برائے 2019-20 ء پیش کی گئی۔ ر