پرامن احتجاج کرنے والے مسلمانوں کے خلاف مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے شیخ عبداللہ سہیل کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر قائد شیخ عبداللہ سہیل نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے حدود میں مسلم قبرستان کے لیے فوری اراضی مختص کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ مسلم قبرستان کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کی سخت مذمت کی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے آج میڈیا کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں مسلم قبرستان کا دیرینہ مطالبہ ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مثبت پیشرفت بھی ہوئی تھی لیکن ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد یہ مسئلہ تعطل کا شکار ہوگیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں مسلمانوں کی تدفین کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس پر غور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اس معاملے میں بی آر ایس پارٹی مقامی مسلمانوں کے ساتھ ہے ۔ قبرستان کے لیے اراضی الاٹ کرنے تک بی آر ایس پارٹی مقامی مسلمانوں کے احتجاج کی مکمل تائید و حمایت کرے گی ۔ قبرستان کے لیے احتجاج کرنے والے عام مسلمانوں کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور غیر مشروط ان مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ بی آر ایس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے شہر کے اطراف و اکناف مسلم قبرستان کے لیے 100 ایکر سے زائد اراضی مختص کی تھی ۔ مگر کانگریس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد جو بھی ادھورے کام تھے اراضی کے حوالگی کے معاملے میں اس کو جوں کا توں چھوڑ دیا گیا ہے ۔ حکومت ان ادھوری کارروائیوں پر غور کرے اور نشاندہی کردہ اراضی مسلمانوں یا وقف بورڈ کے حوالے کرے ۔۔ 2