ممبئی: چہارشنبہ کو شروع ہوئے مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے پانچ روزہ سرمائی اجلاس میں شرکت کے لیے اسمبلی کے احاطے میں لوگوں کی جانچ کی گئی جس میں آٹھ پولیس اہلکاروں سمیت 10 لوگ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ۔برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے تقریباً 3500 لوگوں کی جانچ کی جس میں سے 10 لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ریاستی محکمہ صحت نے کرسمس اور نئے سال کا جشن نہ منانے سمیت کورونا وائرس کی ایک نئے ویریئنٹ ‘اومیکرون’ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہاں تک کہ کسی بھی خاندانی تقریب کے دوران گھر میں جمع ہونا سختی سے منع ہے۔ پولیس نے پہلے ہی تعزیرات ہند کی دفعہ 144 نافذ کر دی ہے ، شہر میں بڑے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں سب سے زیادہ 54 اومی کرون متاثرین ہیں۔