مجلس نے اقلیتیں اور حیدرآباد کے مسائل ، کانگریس نے ریاست کے ساتھ مرکز کے امتیازی سلوک پر مباحث کا مطالبہ کیا
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں 12 اور 13 ستمبر کو اسمبلی کا مانسون سیشن طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کانگریس نے مرکز کے امتیازی سلوک اور مجلس نے اقلیتوں اور حیدرآباد کے مسائل کو اسمبلی میں موضوع بحث بنانے کا مطالبہ کیا ۔ اسپیکر اسمبلی نے آج پہلے دن آنجہانی ارکان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اسمبلی کی کارروائی پیر تک ملتوی کردی ۔ جس کے بعد اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے اپنے چیمبر میں ( بی اے سی ) کا اجلاس طلب کیا جس میں وزراء کے علاوہ گورنمنٹ چیف وہپ نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی ، کانگریس کے قائد مقننہ ملوبٹی وکرامارکا نے شرکت کی ۔ اسمبلی اجلاس کے انعقاد اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کے بعد 12 اور 13 ستمبر تک اسمبلی اجلاس چلانے سے اتفاق کیا گیا جس پر مجلس اور کانگریس نے اعتراض کرتے ہوئے کام کے دن بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل کو ایوان میں موضوع بحث بنانے پر زور دیا ۔ وزراء نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھلے ہی کام کے دن کم ہورہے ہیں مگر کام کرنے کے گھنٹوں میں اضافہ ہورہا ہے اور بزنس اڈوائزری کمیٹی جو بھی ایجنڈے کو قطعیت دے رہی ہے اس کو پورا کیا جارہا ہے ۔ گنیش تہوار کے علاوہ 17 ستمبر کو حکومت نے ’ یوم تلنگانہ قومی یکجہتی ‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کی سرگرمیاں تین دن تک جاری رہیں گی جس کی وجہ سے زیادہ دنوں تک اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں ہے ۔ وزراء نے کہا کہ سرمائی سیشن 14 دنوں تک چلانے پر غور کیا جائے گا ۔ کانگریس کے قائد مقننہ ملوبٹی وکرامارکا نے تلنگانہ کے ساتھ مرکز کے سوتیلے سلوک کو ایوان میں موضوع بحث بنانے پر زور دیا جب کہ مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی نے اقلیتوں کے علاوہ حیدرآباد کے مسائل کو ایوان میں موضوع بحث بنانے پر زور دیا ۔ وزراء نے کہا کہ حکومت ایوان میں تمام مسائل کو موضوع بحث بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ ایوان میں چند بلز منظور کرنے کے علاوہ قرار دادیں بھی پیش کی جائیں گی ۔۔ ن