اسمبلی کی قدیم عمارت میں تلنگانہ کونسل کی منتقلی کی تجویز : وینکٹ ریڈی

   

Ferty9 Clinic

باغ عامہ میں سیاحتی مرکز کا قیام، وزیر عمارات و شوارع نے سکریٹریٹ میں ذمہ داری سنبھال لی
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج صبح سکریٹریٹ میں اپنے نئے چیمبر میں ذمہ داری سنبھال لی۔ خصوصی پوجا اور ویدک اشلوکوں کے درمیان وینکٹ ریڈی نے چیمبر میں جائزہ لیا۔ انہوں نے جائزہ حاصل کرتے ہی 9 سڑکوں کی تعمیر سے متعلق فائیل پر پہلی دستخط کی۔ ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، وی ویریشیم، کے جئے ویر، بالو نائیک، کے انیل کمار ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری عمارات و شوارع سرینواس راجو، پرنسپل سکریٹری وجیندرا، اسپیشل کمشنر اطلاعات اشوک ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی کی قدیم ہیرٹیج عمارت کی تزئین نو اور مرمت کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کی کارروائی اس عمارت میں منعقد کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے احاطہ میں موجود سی ایل پی اور دیگر پارٹیوں کے دفاتر کو منتقل کرتے ہوئے پبلک گارڈن سے للت کلا تھورانم تک علاقہ کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ اس علاقہ کو ایک سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اس سلسلہ میں عنقریب چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کونسل کے صدرنشین سکھیندر ریڈی سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست کی تمام سڑکوں کو اندرون ایک ماہ مکمل مرمت کرتے ہوئے ٹریفک میں سہولت پیدا کی جائے۔ آئندہ 100 دنوں میں حکومت 6 ضمانتوں پر عمل آوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل چیف منسٹر نے 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ مہا لکشمی اسکیم کے تحت ریاست بھر میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور خواتین کی جانب سے اسکیم کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ آر اینڈ بی کے بعض پراجکٹس کیلئے عنقریب نئی دہلی پہنچ کر مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے جن تعمیرات کیلئے پہلی دستخط کی ان میں نلگنڈہ تا دھرما پورم سڑک کی تعمیر، لنگم پلی تا دودیال سڑک وقارآباد کی 4.15 کروڑ سے تعمیر، 14 ریاستی سڑکوں اور قومی شاہراہوں کی مرمت، حیدرآباد تا وجئے واڑہ ہائی وے پر 6 لائن کی سڑک کی تعمیر اور نلگنڈہ ضلع میں نکریکل ، ناگرجنا ساگر اور کلواکرتی سیکشن پر سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے کام شامل ہیں۔