نظام حکومت کے تاریخی شاہکار میں کونسل کا بجٹ سیشن منعقد ہوگا، 18 ماہ میں کاموں کی تکمیل
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں موجود نظام دور حکومت کی قدیم اسمبلی عمارت کا افتتاح انجام دیا جس کی تزئین نو کی گئی ہے۔ قانون ساز کونسل کا بجٹ سیشن نئی عمارت میں منعقد ہوگا اور جوبلی ہال میں واقع کونسل کی عمارت کو دیگر اغراض کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ صدر نشین قانون ساز کونسل جی وکھیندر ریڈی، اسمبلی قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو، پونم پربھاکر، ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج، قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن مدھوسدھن چاری اور مختلف پارٹیوں کے ارکان اسمبلی اور کونسل اس موقع پر موجود تھے۔ ڈسمبر 2023 میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد نظام دور حکومت کی قدیم اسمبلی عمارت کی تزئین نو اور مرمت کا فیصلہ کیا گیا۔ نظام دور حکومت میں یہ ہیرٹیج عمارت ٹاؤن ہال کے طور پر موجود تھی۔ 1905 میں تعمیر کا آغاز ہوا اور 1913 میں تکمیل ہوئی تھی۔ اسمبلی کی قدیم عمارت اپنی نوعیت کا ایک تاریخی اور فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 1980 تک یہ اسمبلی ہال کے طور پر استعمال کی گئی۔ 1980 کے دہے میں 294 ارکان اسمبلی کی سہولت کے لئے اسمبلی کی نئی عمارت تعمیر کی گئی جس میں اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔ 2014 تک یہی عمارت متحدہ آندھرا پردیش کی اسمبلی کے طور پر استعمال کی گئی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی طرز پر دونوں ایوان قریب میں واقع رہیں گے اور درمیان میں پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال کی طرح ارکان کے لئے ہال اور لابی رہے گی۔ صدر نشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی نئی عمارت کے آغاز پر مسترد کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت نے آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر کے اشتراک سے 18 ماہ میں تزئین نو کے کاموں کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارت میں ایوان کی کارروائی چلانے پر مجھے خوشی ہوگی۔1