ملبورن ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) باکسنگ ڈے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم نے اپنے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو شامل کیا جنہوں نے پہلے ہی اوور میں میزبان اوپنر جیو برنس کو بولڈ کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کی جس کی بدولت پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ آسٹریلیا کو 257/4 تک محدود رکھا۔ ایک رن کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان برداشت کرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر اور شاندار فام میں موجود لوبیشین نے ٹیم کو دوسری وکٹ کیلئے 60 رنزکی پارٹنر شپ فراہم کی لیکن اس موقع پر ویگنر نے وارنر کو آوٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ وارنر آؤٹ ہونے سے قبل 64 گیندوں میں3 چوکوں کی مدد سے اپنے مزاج کے خلاف محتاط انداز میں 41 رنز اسکور کئے۔ ابتدائی نقصانات کے بعد آسٹریلیا کیلئے شاندار فام میں موجود اسٹیو اسمتھ نے پھر ایک مرتبہ حریف بولروں پر غالب آتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ لوبے شین کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے اسکور کو 144 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر لوبے شین نے آؤٹ ہونے سے قبل 149 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز اسکور کئے۔ آسٹریلیا کیلئے آوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی میتھیو ویڈ رہے جنہوں نے 78 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر اسمتھ 192 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 77 رنز جبکہ ٹم ہیڈ نے 56 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا لئے ہیں۔