اسٹائی فنڈ میں اضافہ سے ڈاکٹرس ناخوش

   

۔25 مئی سے ہڑتال ، ایمرجنسی خدمات کے بائیکاٹ پر بھی غور
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈاکٹرس کو دیئے جانے والے اسٹائی فنڈ میں اضافہ کے احکامات کے باوجود ڈاکٹرس 25مئی سے اپنی مجوزہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ احکامات سے ڈاکٹرس اور طبی عملہ میں خوشی کے بجائے مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کے ڈاکٹرس اور طبی عملہ نے ہڑتال اور احتجاج کی تائید کا اعلان کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ 25 مئی سے ہنگامی خدمات کا بائیکاٹ کرنے کے علاوہ دیگر خدمات کے بائیکاٹ کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے ۔ ڈاکٹرس کی تنظیموں نے بتایا کہ احکامات میں جونئیر ڈاکٹرس اور طلبہ کے اسٹائی فنڈ میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ بھی 2021جنوری سے اسے قابل عمل بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹرس کی تنظیموں کی جانب سے 2020 سے یہ مطالبہ کیا جا رہاہے۔اس کے علاوہ دیگر مطالبات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ اسٹائی فنڈ میں اضافہ کے احکامات میں سینئر و ریسیڈنٹ ڈاکٹرس کا احاطہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ تنخواہوں کی وقت پر اجرائی کا کوئی تیقن یا احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹرس اور ان کے افراد خاندان کیلئے مخصوص علاج کے مرکز کے قیام اور اعلان کا مطالبہ مسلسل کیا جا رہاہے لیکن اس پر بھی حکومت کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس پر کوئی تبصرہ کیا گیا ہے۔