موموز کا استعمال اہم وجہ ، سنگاڑی واقعہ کی اطلاع تیزی سے عام ، عوام میں تشویش کی لہر
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد اسٹریٹ فوڈ کے استعمال سے ایک خاتون کی موت اور درجنوں متاثر ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بنجارہ ہلز کے علاقہ نندی نگر سنگاڑی کنٹہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں موموز کے استعمال سے 29 سالہ ریشما نامی خاتون فوت ہوگئیں ۔ جبکہ درجنوں متاثر ہیں جن میں 10 بچے بھی شدید متاثر بتائے گئے ہیں ۔ موموز کے استعمال سے خاتون کی موت اور متاثرین کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نندی نگر سنگاڑی کنٹہ علاقہ میں ہفتہ واری بازار لگایا جاتا ہے اور اس بازار میں موموز بھی فروخت کئے جاتے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کئی متاثرین ہاسپٹل میں شریک ہیں جن کا علاج جاری ہے ۔ اس بازار سے موموز کا استعمال کرنے والے مقامی افراد میں اچانک دست و قئے کی شکایت عام ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عوام مقامی کلینکس اور ہاسپٹل پہونچنے لگے ۔ ان تمام میں ایک ہی طرح کی شکایت کو دیکھ کر مقامی ڈاکٹروں نے دریافت کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقامی دواخانوں سے متاثرین کو شہر کے بڑے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ریشما خاتون نمس ہاسپٹل میں زیر علاج تھیں جو فوت ہوگئیں ۔ ان حالات کے بعد متاثرین کے رشتہ داروں نے بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن پہونچکر اپنا احتجاج درج کروایا اور شکایت کی ۔ پولیس نے اس معاملہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا اور موموز والے کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کی جائے گی ۔ اطلاع کے بعد خواب غفلت سے جاگی میونسپل کارپوریشن نے مقام واردات پہونچکر موموز کو ضبط کرلیا اور ان موموز کی جانچ کے لیے لیبارٹری روانہ کردیا گیا ہے ۔ بلدی حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان موموز کی ناقص اشیاء سے تیار کی گئی ہوگی اور اکثر ایک دن پرانی موموز کو فروخت کیا گیا ہوگا ۔ تاہم بلدی حکام نے موموز اور مقام سے نمونے حاصل کرلیے ہیں ۔ بلدی حکام کے مطابق جس ادارے کی جانب سے موموز فروخت کئے گئے اس نے کسی قسم کی کوئی اجازت حاصل نہیں کی اور انسانی جانوں سے کھلواڑ کررہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹور کیے ہوئے موموز کو فروخت کرنے کے سبب یہ نتائج پیش آئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع