لندن ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے کئی ملکوں کے کرکٹرزمعاوضوں میں کمی کا امکان ہے۔ انگلینڈ میں اپریل سے انگلش سیزن شروع ہوجاتا ہے اس لئے انگلش بورڈ سب سے پہلے مالی مشکلات سے دوچار دکھائی دیتا ہے۔ ای سی بی نے سات ہفتے کی تاخیر سے پروفیشنل سیزن کو28 مئی تک ملتوی کیا ہے لیکن موجودہ حلات میں یہ تاریخ بھی آگے بڑھ سکتی ہے۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے دونوں سیریز شدید خدشات سے دوچار ہیں۔ انگلینڈ کے کرکٹرز کو معاہدوں کے معاوضے میں کمی کا سامنا ہے۔ ای سی بی نے دس ٹسٹ اور بارہ وائٹ بال کرکٹرز کوکنٹریکٹ دیا ہوا ہے۔ جو روٹ، بین اسٹوکس اور جوز بٹلر تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کرکٹرز ہیں۔ انگلش میڈیا کے مطابق تینوں کرکٹرز کو دو لاکھ پونڈز تک کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ مالی مسائل کا شکار ہونے لگاہے۔