لندن۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انگلش ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ بین اسٹوکس کو آرڈر آف دی برٹش امپائر کے اعزاز سے نوازا گیا۔بین سٹوکس کو بکنگھم پیلس میں شہزادہ ولیم نے اعزاز سے نوازا،جوز بٹلر کو بھی ایم بی ای اعزازسے نوازا گیا۔ لارڈز کے تاریخی میدان پر ورلڈکپ فائنل میں اسٹوکس نے ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بین اسٹوکس اعزاز وصول کرنے والے انگلینڈ کے 12ویں اورمجموعی طور پر23 ویں کرکٹر ہیں ، اس سے قبل سابق اوپنر ایلسٹر کک وہ آخری کھلاڑی تھے جنہیں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔
افتتاحی تقریب پر تنقید بند ہونی چاہئے : اکرم
کراچی ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے پاکستان سوپر لیگ 5 کی افتتاحی تقریب کے متعلق کہا ہے کہ مسلسل تنقید کا سلسلہ اب بند ہوجانا چاہیے۔ وسیم اکرم نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب پر جاری تنقید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ افتتاحی تقریب میں چھوٹی موٹی غلطیاں ہوئیں ہیں، پہلی بار افتتاحی تقریب پاکستان میں منعقد ہوئی غلطیاں ہونی تھی ہوگئیں اب آگے بڑھنا چاہیے۔