رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر کھیل حفیظ الحسن انصاری نے رانچی کے جے ایس سی اے اسٹیڈیم میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے دوسرے بین الاقوامی کرکٹ میچ کے دوران انتظامیہ پربھڑک گئے ۔جے ایس سی اے انتظامیہ کی جانب سے بطورمہمان وزیراعلیٰ ہیمنت سورین سمیت تمام وزراء، حکمراں اور اپوزیشن کے اراکین اسمبلی و ایم پی کو بھی مدعوکیا گیا تھا۔ جے ایس سی اے کی دعوت پر وزیر کھیل حفیظ الحسن انصاری بھی وزیر تعلیم جگن ناتھ مہتو کے ساتھ میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے لیکن جس گیلری میں ان کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا وہ شیشے سے پیک تھی اورشیشہ بھی صاف نہیں تھا اورباہر سے کوئی آواز نہیں آرہی تھی۔ سامنے کھلے اسٹیڈیم میں دیگروی آئی پی شائقین کھڑے ہوکر زورزورسے لطف لے رہے تھے ، جبکہ کچھ دیگر مہمان کو بہترگیلری میں بیٹھایا گیا تھا۔ اس انتظام کو دیکھ کر وزیرکھیل غصے میں آگئے اورمیچ ختم ہونے سے پہلے ہی باہر نکل گئے ۔