ممبئی : اسپا،سیلون،ٹوآپریٹرزسمیت اس نوعیت کے بہت سارے کاروبار کرنے والوں کو اب ریپو ریٹ پر قرضے ملیں گے، جن کیلئے اپنے صارفین سے دور رہ کر کاروبار کرنا ممکن نہیں ہے ۔ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانت داس نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے تین روزہ اجلاس کے بعد آج بتایا کہ جن کاروباریوں کیلئے اپنے صارفین سے دور رہ کر کاروبار کرنا ممکن نہیں انہیں سستا قرض مہیا کرانے کیلئے 15 ہزار کروڑ روپے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہیں تین سال تک ریپو ریٹ پر قرض دیا جائے گا۔ یہ قرض بینکوں سے 31مارچ 2022تک لیا جاسکتا ہے ۔ فی الوقت ریپو ریٹ کی شرح 4 فیصد ہے۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹ ، ٹریول ایجنٹ ، ٹور آپریٹرز اور ایڈونچر یا ہیرٹیج سنٹر، پرائیویٹ بس آپریٹرز، کاروں کی مرمت کرنے والے ، کار کرایہ پر دینے والے مختلف پروگراموں کے منتظمین،ا سپا کلینک، بیوٹی پارلرز اور سیلون کے آپریٹرزاس خصوصی لون سے فائدہ اٹھاسکیں گے ۔