لندن : نوبل انعام یافتہ پاکستانی نژاد ملالہ یوسفزئی نے غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ملالہ نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میں غزہ میں الاہلی اسپتال پر بمباری دیکھ کر دہشت زدہ ہوں اور اس کی واضح الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ملالہ نے کہا کہ میں اسرائیلی حکومت پر زور دیتی ہوں کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دے اور جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کرے۔ملالہ نے فلسطینی بچوں اور زیر محاصرہ عوام کیلیے تین لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے خیراتی اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی اپنے عطیات دیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی مجموعی آبادی کا ںصف سے زیادہ اٹھارہ سال سے کم عمر ہے،ہمیں ان بچوں کو بموں کی گھن گرج اور ناجائز قبضے سے نجات دلوانے کیلئے کوشش کرنا ہوگی۔