اسپنرس کی شاندار بیٹنگ ، ہندوستان کو 175 رنز کی سبقت

   

حیدرآباد ۔ ہندوستان نے یہاں جاری پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے جیسا کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ (81 رنر پر بیٹنگ) اور اکشر پٹیل (35 رنز پر بیٹنگ) کی جوڑی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 63 رنز جوڑے اور دن کے اختتام پرہندوستان کی برتری کو 175 رنز تک پہنچا دیا ہے۔ اس سے قبل جڈیجہ اورکے ایس بھرت نے اچھی شراکت داری کی۔ بھرت بالآخر 81گیندوں میں 41 رنز پر آوٹ ہوئے جس کے بعد روی چندرن اشون جڈیجہ کے ساتھ زیادہ رنز اسکور نہیں کرپائے اور ایک غلط فہمی کی وجہ سے اشون رن آوٹ ہوئے ۔ اس کے بعد اکشر پٹیل نے چوکا لگا کر اپنی بیٹنگ کی شروعات کی۔ جڈیجہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے علاوہ کے ایس بھرت کے ساتھ ہندوستان کے لیے ایک اور50 رنز کا اسٹینڈ بنایا۔ میزبانوں نے دن کے بیشتر حصے میں خاص طور پر دوسرے سیشن کے بڑے حصے کے لیے اچھا رن ریٹ برقرار رکھا ہے۔ ہندوستان کے لئے کے ایل راہول اور شریاس ایر نے106گیندوں پر 64 اور پھر راہول نے رویندر جڈیجہ کے ساتھ 74 گیندوں پر 65 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی بنائے۔ جڈیجہ اور راہول خاص طور پر انگلینڈ کے اسپنرز کے خلاف بے رحم رہے ، تاہم راہول سنچری بنانے سے محروم رہے، 123گیندوں میں 86 رنز پر آوٹ ہوئے ۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ بہتر بولنگ کا آغام کیا اور جو روٹ نے دن کے پہلے ہی اوور میں خطرناک یشسوی جیسوال کو 80 رنز پر آؤٹ کردیا اور ٹام ہارٹلی کو آخر کارجدوجہد کرنے والے شبمن گل کی وکٹ حاصل کر کے مسکرانے کی وجہ ملی۔