سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جی پرساد کمار کی قانونی مشاورت کے بعد کارروائی
حیدرآباد ۔ 23 اگست ۔ (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر بی آر ایس پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ واضح رہیکہ بی آر ایس پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے 10 ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان میں 5 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ان سے پوچھ تاچھ مکمل ہونے کے بعد دوسروں کو نوٹس جاری کی جائے گی۔ امید کی جارہی ہیکہ آئندہ ہفتہ سے پوچھ تاچھ کا عمل شروع ہوگا۔ پارٹی سے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف انسداد انحراف ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دینے کا سپریم کورٹ میں بی آر ایس نے مقدمہ دائر کیا تھا، جس کا جائزہ لینے کے بعد اندرون تین ماہ ان ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی سپریم کورٹ نے اسپیکر اسمبلی تلنگانہ کو ہدایت دی تھی جس پر اسپیکر جی پرساد کمار نے ایڈوکیٹ جنرل کے علاوہ سینئر ماہرین قانون سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی نے ارکان اسمبلی کڈیم سری ہری، ڈی ناگیندر، پوچارام سرینواس ریڈی، سنجے کمار، ٹی وینکٹ راؤ، اے گاندھی، کے یادیا، پرکاش گوڑ، کرشنا موہن ریڈی، مہیپال ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے تناظر میں اسپیکر اسمبلی نے ان ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ارکان ا سمبلی سے وضاحت طلب کرنے کے بعد اسپیکر کی جانب سے قطعی فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔ اسپیکر اسمبلی کی جانب سے ارکان اسمبلی کو نوٹس کی اجرائی کے بعد سیاسی حلقوں میں اس مسئلہ پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ 2