مساجد اور عیدگاہوں کی تعمیر و مرمت، محمد سلیم نے چیک حوالے کیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کے انتخابی حلقہ بانسواڑہ میں مساجد اور قبرستانوں کے تعمیراتی کاموں کیلئے 46 لاکھ 11 ہزار 481 روپئے گرانٹ ان ایڈ سے جاری کئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے 7 مختلف کاموں کی منظوری سے متعلق چیک حوالے کیا۔ یہ کام ضلع کلکٹر کی نگرانی میں انجام پاتے ہیں۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے مساجد ، عیدگاہ اور قبرستانوں کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کے سلسلہ میں گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے حکومت سے نمائندگی کی تھی جس کے بعد یہ رقم منظور کی گئی ۔ بانسواڑہ میں عیدگاہ کے لئے سی سی روڈ اور کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کیلئے 10 لاکھ 69 ہزار 584 روپئے منظور کئے گئے ۔ بھکنور منڈل میں قبرستان کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ 93 ہزار 808 روپئے ، نصراللہ آباد موضع درکی منڈل میں عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کیلئے 6 لاکھ 26 ہزار 882 ، بانسواڑہ کے دیسائی پیٹ میں عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کیلئے 5 لاکھ روپئے ، بانسواڑہ کی جامع مسجد کے سکنڈ فلور کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ 21 ہزار 207 روپئے ، بانسواڑہ کی مدینہ مسجد میں نماز گاہ کی تعمیر کیلئے 10 لاکھ روپئے اور مرزا پور میں عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے منظور کئے گئے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں مساجد ، عیدگاہوں اور قبرستانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے وقف بورڈ سے گرانٹ ان ایڈ جاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے علاوہ کمیٹیوں کی نمائندگی پر حکومت کی جانب سے رقمی منظوری کے احکامات جاری کئے جاتے ہیں جس کے بعد وقف بورڈ منظورہ رقم جاری کرتا ہے ۔ انہوں نے اسپیکر اسمبلی کو وقف بورڈ کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے ساتھ انہیں ڈیولپ کرنے کی تجویز ہے تاکہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ وقف بورڈ جائیدادوں کے منشاء وقف کے مطابق مسلمانوں کی بھلائی کیلئے مختلف اسکیمات شروع کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اسپیکر نے وقف بورڈ کی کارکردگی کی ستائش کی اور درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی بڑا پہاڑ کے ترقیاتی منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید موجود تھے۔