تھرواننتاپورم ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)کیرالا ہائیکورٹ نے ریاست کے اسکول اور کالج کیمپس میں طلبہ کے گروپس کی جانب سے کسی بھی ایسے احتجاج پر پابندی عائد کردی ہے جس سے تعلیمی اداروں کا کام کاج متاثر ہوتا ہے۔ عدالت نے گھیراؤ اور کیمپس میں دھرنا دینے جیسے مختلف قسم کے احتجاجوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے احتجاج میں کسی کو بھی شامل ہونے کی ترغیب نہیں دی جاسکتی۔ عدالت کا احساس ہیکہ تعلیمی ادارے احتجاج کیلئے نہیں بلکہ تعلیمی سرگرمیوں کیلئے ہوتے ہیں۔ جسٹس پی وی سریش کمار نے اپنے فیصلہ میں یہ بھی کہا کہ کسی کو بھی دوسرے طلبہ کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کا اختیار نہیں ہے۔ مختلف کالجس اور اسکولس انتظامیہ کی جانب سے کیمپس میں احتجاج کے خلاف داخل کی گئی درخواستوں پر یہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔