اسکول فیس میں 30 فیصد کمی لانے سپریم کورٹ کی ہدایت

   

اسکولس کی عدم کشادگی سے اخراجات بھی کم ، لاک ڈاؤن فیس وصولی مقدمات کی سماعت
حیدرآباد۔ خانگی اسکول فیس میں کمی لانے کے اقدامات کریں اور اسکولوں کو منافع بخش ادارے نہ بنائیں۔ سپریم کورٹ نے خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اداروں میں تعلیمی فیس میں کمی لانے کے اقدامات کریں کیونکہ گذشتہ ایک برس سے اسکولوں کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور تعلیم صرف آن لائن تک محدود ہے ۔ جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس دنیش مہیشوری پر مشتمل بنچ نے ملک کے تمام خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کو اسکول فیس میں کمی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکول نہ کھولے جانے کے سبب اسکولوں کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے اور جو اخراجات میں کمی آئی ہے اس کا فائدہ طلبہ اور اولیائے طلبہ کو بھی پہنچنا چاہئے ۔سپریم کورٹ نے خانگی اسکولوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی فیس کی وصولی کے اقدامات کی شکایات کی سماعت کے بعد یہ احکامات جاری کئے اور کہا کہ خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کو آن لائن تعلیم کی فیس مقرر کرنی چاہئے جو کہ روایتی تعلیمی فیس سے 30 فیصد کم ہو۔بتایاجاتا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں موجود تمام اسکولوں کو سپریم کورٹ نے اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں آن لائن تعلیم کی فیس میں 15سے 30 فیصد تک کمی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکولی فیس اولیائے طلبہ کے لئے بوجھ نہ بن جائے۔ جسٹس اے ایم کھانویلکر نے کہا کہ گذشتہ ایک برس کے دوران اسکولوں کو ہی نہیں بلکہ سماج کے ہر طبقہ کو معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کی ہر کوئی کوشش کر رہا ہے لیکن ان حالا ت میں خانگی اسکولوں کے اخراجات میں کمی ہونے کے باوجود ان کی جانب سے مکمل فیس کی وصولی نامناسب ہے اسی لئے سپریم کورٹ اس بات کی ہدایت دیتی ہے کہ ملک کے تمام خانگی اسکولوں میں آن لائن تعلیم کے مطابق فیس مقرر کرنے کے اقداما ت کئے جائیں۔سپریم کورٹ نے خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کو درپیش مسائل کے متعلق تفصیلات پیش کرنے پر کہا کہ جب اسکول میں طلبہ نہیں آرہے ہیں تو ایسے میں کئی اخراجات بشمول برقی بل اور دیگر اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور اگر اس کے بعد بھی خانگی اسکول انتظامیہ اپنے منافع پرتوجہ دیتے ہیں تو یہ ٹھیک نہیں ہے اسی لئے خانگی تعلیمی اداروں کو منافع بخش تجارتی اداروں میں تبدیل کرنے کے بجائے آن لائن تعلیم کے لئے کم فیس مقرر کرتے ہوئے آن لائن سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔