اسکول کی چھٹیوں میں کٹوتی پر مخالفت کے بعد بیک فٹ پر نتیش حکومت، واپس لیا حکم

   

پٹنہ: بہار کی نتیش کمار حکومت کے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی چھٹیاں رد کرنے اور چھٹیوں میں کمی سے متعلق حکم نامہ منسوخ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے زبردست احتجاج کے پیش نظر ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن نے چھٹیوں میں کمی کو رد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ دراصل ستمبر سے لیکر دسمبر ماہ تک اسکولوں کی چھٹیوں میں بڑی کمی کی گئی تھی۔ بہار میں ٹیچرس یونین نے اس پر احتجاج کیا تھا۔ بی جے پی نے بھی نتیش حکومت کو گھیرا تھا۔بہار کے سرکاری اسکولوں میں چھٹیاں کم کرنے کے حکم کے خلاف کافی احتجاج ہوا، جس کی وجہ سے بہار حکومت پر دباؤ دیکھا گیا۔ سی ایم نتیش کمار نے خود پہل کی ہے اور چھٹیاں کم کرنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹیچرز ڈے کے موقع پر احتجاجی مارچ کے پیش نظر یہ حکم پہلے ہی واپس لے لیا گیا ۔ اس میں اس سال ستمبر سے 12 چھٹیاں کاٹی گئیں تھی۔