طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے اسکولس کو فنڈز مختص ، احکامات کی اجرائی
حیدرآباد :۔ حکومت نے یکم جولائی سے اسکولس کی کشادگی کے پیش نظر اسکولی طلبہ اور عملہ کو ہاتھوں کی صفائی کے لیے ضرورت کے مطابق صابن اور سنیٹائیزرس وغیرہ کی خریدی کے لیے اسکول گرانٹ کے فنڈز میں سے 10 فیصد رقم مختص کی گئی ہے ۔ حکومت نے ریاست میں کورونا کے کیسیس میں کمی کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ کے اجلاس میں یکم جولائی سے تمام تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کو اسکولس کھولنے کے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔ ریاست کے تمام سرکاری اسکولس میں ہاتھوں کی صفائی کے لیے سماگرا سکھشا ابھیان کے عہدیداروں نے سالانہ کمپوزٹ گرانٹ کے تحت فنڈز بھی منظور کیا ہے ۔ انرولمنٹ سلابس کی بنیاد پر فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ صاف صفائی ایکشن پلان کے تحت اسکولس کے بیت الخلاؤں کے پاس صابن اور لکویڈ کو دستیاب رکھنے کے لیے اسکولس کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ اسکولس میں ایک تا 15 طلبہ کے لیے 12,500 روپئے ، 16 تا 100 طلبہ کے لیے 25 ہزار روپئے ، 101 تا 250 طلبہ کے لیے 50 ہزار روپئے ، 251 تا 1000 طلبہ کے لیے 75 ہزار روپئے ، 1000 سے زائد طلبہ کے اسکولس کے لیے ایک لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ ان فنڈز کے ذریعہ اسٹیشنری ، چاک پیس ، رجسٹررس ، پیپرس ، امتحانات ، قومی تہواریں ، برقی ، انٹرنیٹ چارجس اور مرمتی کاموں کے لیے بھی استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔۔