سنگاریڈی میں یوگا کیمپ کی افتتاحی تقریب سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/12 فبروری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے ریاست تلنگانہ میں تمام گورنمنٹ و پرائیویٹ اسکولس میں ’’ یوگا ‘‘ کو ضروری قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یوگا کے ذریعہ بچوں کی قوت یادداشت میں اضافہ ہوگا۔ آج سنگاریڈی ٹاون میں مسٹر ہریش راؤ نے ’’ یوگا کیمپ ‘‘ کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہر کوئی کسی مرض میں مبتلاء ہونے پر ہی ڈاکٹر کے پاس جارہے ہیں اور ڈاکٹر کے کہنے پر ہی اپنی صحت کے تعلق سے احتیاط برتنے پر توجہ دی جارہی ہے یہ کوئی مناسب طریقہ کار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی صحت کے معاملہ میں قبل از وقت احتیاطی اقدامات کرنا چاہیئے اور غذا کا بہتر استعمال کرنا چاہیئے بلکہ غذا کو ہی دوا کی طرح استعمال کرنا ہوگا۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو دوا ہی غذا میں تبدیل ہوجائے گی۔ مسٹر ہریش راؤ نے یوگا کے فوائد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر آدمی عام طور رپر فی منٹ میں20 تا25 مرتبہ سانس لیا کرتا ہے جبکہ بہتر زندگی گذارنے والے افراد منٹ میں 12 تا15 مرتبہ ہی سانس لیتے ہیں اور ایسے ہی افراد100 سال تک بقید حیات رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے موجودہ حالات میں سوشیل میڈیا اور ٹی وی دیکھنے میں زیادہ وقت گذارا جارہا ہے لیکن ایک گھنٹہ یوگا کرنے پر ڈاکٹر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔