حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے انسانی ہمدردی سے متعلق کئی واقعات حالیہ عرصہ میں منظر عام پر آئے ہیں۔ راستہ گذرتے ہوئے وہ جب کسی ضرورت مند اور محتاج پر نظر پڑتی ہے تو وہ فوری اپنی گاڑی روک کر پریشانی کی وجوہات معلوم کرتی ہیں۔ گذشتہ دنوں ایک کم عمر مزدور کو دیکھ کر سبیتا اندرا ریڈی نے اپنی گاڑی کو روک دیا تھا اور اسے محنت مزدوری کے بجائے اسکول روانہ کرنے والدین کو کامیاب ترغیب دی۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے بالا پور علاقہ میں سبیتا اندرا ریڈی کی نظر کل کڑی دھوپ میں جانے والے 6 اسکولی طلبہ پر پڑی جن کے پیروں میں چپل بھی نہیں تھی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے فوری اپنی گاڑی کو روکنے کی ہدایت دی اور اسکولی بچوں کو طلب کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔ یہ طلبہ مامڑ پلی سرکاری اسکول سے وابستہ تھے اور گھر واپس ہورہے تھے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے تمام بچوں کو چپل اور شوز کا انتظام کرایا۔ ٹی آر ایس بی سی سیل مہیشورم کے صدر نریندر کو انہوں نے اس کی ذمہ داری دی۔ جس کے بعد یہ اسکولی بچے نئے شوز اور چپل کے ساتھ گھر واپس ہوئے تھے جو انہیں’’ وزیر تعلیم میڈم ‘‘ کا تحفہ تھا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ خاتون ہونے کے سبب وزیر تعلیم میں انسانی ہمدردی کا جذبہ کچھ زیادہ ہے۔ ر