اسکینڈل امام الحق کا ذاتی معاملہ:پی سی بی

   

کراچی ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کے نوجوان اوپنر امام الحق کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے ضابطہ اخلاق پر نظرثانی پر غور شروع کردیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر امام الحق کی لڑکیوں کے ساتھ مبینہ گفتگو کے علاوہ ساتھ کچھ تصاویر بھی زیر گردش ہیں جبکہ ایک خاتون کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دعویٰ کیا گیا کہ امام الحق کی بیک وقت سات سے آٹھ لڑکیوں کے ساتھ دوستیاں رہی ہیں۔خواتین کے ایک گروپ نے ایک سے زائد پاکستانی کرکٹرز پر الزامات عائد کیے اور یہ معاملہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنا رہا۔اسی طرح ایک اور خاتون کے نام سے بنائی گئی آئی ڈی میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوران بھی اوپنرامام الحق لڑکیوں سے ملتے رہے۔ ابھی تک امام الحق نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی جس کے بعد عوام کی جانب سے پی سی بی سے اوپنرکے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر کسی بھی قسم کی کارروائی کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اسے امام الحق کا ذاتی معاملہ قرار دیا ہے۔ذرائع نے کہا ہے کہ پی سی بی اس صورتحال پرکافی پریشان ہے اور اسی لیے مستقبل میں ایسی کسی بھی صورتحال سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں کے ضابطہ اخلاق میں نظرثانی پر غور شروع کردیا گیا ہے۔