اشرار کے حملے میں پٹرول پمپ ملازم شدید زخمی

   

حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ آر سی پورم میں اشرار نے ایک پٹرول پمپ کے ملازم پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹرول پمپ ملازم نے حملہ آوروں سے پٹرول کے پیسے مانگے تھے اور پیسے دینے کے بجائے انہوںنے بحث و تکرار کرکے حلیہ دیکھ کر حملہ کردیا ۔ گذشتہ شب 29 سالہ سید اعظم انڈین پٹرول پمپ آر سی پورم پر مامور تھا کہ حملہ آور جو تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے پٹرول پمپ پہونچے شکایت گذار نے فی موٹر سائیکل سو روپئے کے حساب سے موٹر سائیکلوں میں پٹرول ڈالا حملہ آوروں میں سے ایک نے رقم ادا کرنے اے ٹی ایم کارڈ دیا جو کارکرد نہیں تھا ۔ اعظم نے پٹرول کی رقم پوچھی اور انہوں نے بحث و تکرار کی اور حملہ کردیا ۔ حملہ آوروں میں دو کی شناحت کرلی گئی ہے ۔ جن میں ایک کمار اور دوسرا سندیپ بتایا گیا ہے ۔ سب انسپکٹر یوسف نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت جاری ہے اور سی سی ٹی وی کمروں سے شناحت کرکے انکے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔